کراچی(نیوزڈیسک)نادرا میں گھپلوں کا مزید ایک کارنامہ سامنے آگیا ،کچھی میمن گھرانے کی فیملی ٹری میں دو خواتین سمیت 7افغانی باشندے شامل کردیئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نادرا میں گھپلوں کا انکشاف اس وقت ہوا جب حساس اداروں کی جانب سے وزارت داخلہ کو رپورٹ ارسال کی گئی ۔غیر ملکیوں کے شناختی کارڈ بننے کی اطلاعا ت پر ایف آئی اے نے پیر کو نادرا کے کیماڑی سینٹر میں کارروائی کر کے ایک افسر کو گرفتار کیا اور دوران تفتیش یہ انکشاف ہوا ہے، پہلے ایک غیر ملکی عبداللہ کو ملیر توسیع کے رہائشی محمد یوسف کی فیملی ٹری میں ڈالا گیا اور پھر دو خواتین سمیت مزید 6افغانیوں کو اس کے گھرانے کا حصہ بنادیا گیا۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ محمد یوسف ایک اہلیہ تھی جن کا انتقال ہوچکا ہے اور اس وقت ان کےچار بیٹے اور تین بیٹیاں ہیں جبکہ دو افغانی خواتین کو ان کی بیویاں ظاہر کیا گیا ہے اور مزید چار غیر ملکیوں کو ان کا بیٹا بنادیا گیا ۔ ایف آئی اے نے اس سلسلے میں نادرا کو خط لکھ دیا ہے کہ اس کی وضاحت دی جائے اور نادرا اہلکاروں پر مزید 6ایف آئی آرز درج کی جارہی ہیں