لاہور (نیوزڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی مسعود شفقت کودھمکیاں دینے کے الزام پر (ن) لیگ کے رکن قومی اسمبلی ندیم عباس اور ڈی پی او اوکاڑہ کو 18 اگست کو طلب کرلیا ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظہر اقبال سدھو نے کیس کی سماعت کی ۔ درخواست گزار تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی مسعود شفقت کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ندیم عباس اور ڈی پی او کاڑہ جان سے مارنے کی دھمکیاں دے کر ہراساں کر رہے ہیں اور خدشہ ہے کہ درخواست گزار کو پولیس مقابلہ میں قتل کر دیا جائے گا لہٰذا ملزموں کو ہراساں کرنے سے روکتے ہوئے مسعود شفقت کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔عدالت نے درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے لیگی ایم این اے ندیم عباس اور ڈی پی او اوکاڑہ کو 18اگست کو جواب سمیت طلب کرلیاہے۔