اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے تیاریوں میں تیزی لانے ، تنظیم سازی کرنے ، تاجروں کی جانب سے حکومت کیخلاف ہڑتال میں ساتھ دینے اور قصور واقعہ میں حکومت پر دباﺅ ڈالنے کا فیصلہ کیاہے ، جبکہ سینئر اراکین نے پارٹی عہدوں پر تعینات پرانے لوگوں کو ہٹا کرنئے لوگوں کو لانے کی رائے دی ہے ۔ پنجاب میں تنظیم سازی کیلئے جلد ورکنگ پیپر تیار کرکے پارٹی قیادت کو پیش کئے جائیں گے ۔ منگل کو پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب اور خیبر پختونخوا کا اجلاس پارٹی کے سینٹر ل سیکرٹریٹ میں سیکرٹری جنرل راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت منعقد ہو ا، اجلاس میں پیپلزپارٹی پنجاب اور خیبر پختونخوا کے صدور ، سیکرٹری جنرل اور سینئر رہنماﺅں نے شرکت کی ، موجودہ حالات او رپارٹی سرگرم کرنے اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیاگیا ، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی کی تنظیم نو کی جائیگی ، اور سرگرم اپوزیشن کاکردار ادا کیاجائیگا۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیاگیا کہ پارٹی کے ناراض لوگوں کو منایاجائیگا۔ جبکہ تمام اضلاع میں کنونشن منعقد کئے جائیں گے ۔ قصور واقعہ ، تاجروں اور کسانوں کیساتھ ہونیوالی زیادتیوں پر حکومت پر دباﺅ ڈالا جائیگا ۔ اجلاس میں سینئر رہنماﺅں نے رائے دی کہ پارٹی میں نئے چہرے سامنے آنے چاہئیں ۔