لاہور (نیوزڈیسک)لاہور کی احتساب عدالت نے کروڑوں روپے کی خردبرد کے الزام میں گرفتار سینیٹر سیف اللہ بنگش کے بیٹے شوکت اللہ بنگش کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔ گزشتہ روز نیب حکام نے شوکت اللہ بنگش کو عدالت کے روبرو پیش کرتے ہوئے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ۔ جسے عدالت نے منظور کر لیا ۔واضح رہے کہ نیب حکام نے دو روز قبل شوکت اللہ بنگش کو قصر ذوق کی اراضی کی غیر قانونی فروخت کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ اس حوالے سے نیب کا کہنا تھا کہ ایک فراڈ کے معاملے میں نیب نے قصر ذوق کی فروخت پر پابندی عائد کی تھی ۔ لیکن شوکت اللہ نے دیگر ملزمان کے ساتھ ملی بھگت کر کے جعلسازی سے اراضی فروخت کی اور پانچ کروڑ سے زائد کی رقم وصول کی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس سکینڈل میں جسٹس (ر) ملک قیوم اور سینیٹر گلزار کے بیٹوں سمیت دیگر ملزمان بھی ملوث تھے ۔ تاہم دیگر تمام ملزمان نیب کے ساتھ پلی بارگینگ کے بعد اپنے ذمے واجب الادا رقوم ادا کر چکے ہیں ۔