لندن(نیوزڈیسک) متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ذمہ داریاں پوری نہ کرنے پر رابطہ کمیٹی کراچی کو برطرف کردیا۔لندن سے جاری اعلامیئے کے مطابق ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے پر رابطہ کمیٹی کراچی کو برطرف کردیا ہے۔برطرف ہونے والوں میں فاروق ستار ، خالد مقبول صدیقی ، حیدر عباس رضوی ، وسیم اختر ،عامر خان ، شبیر قائم خانی ، نصرت شوکت ،عظیم فاروقی ، توصیف خان زادہ اور دیگر شامل ہیں تاہم کیف الوری، عبدالحسیب اور عارف خان ایڈوکیٹ ممبر رہیں گے۔ برطرف کئے گئے ارکان سے کہا گیا ہے کہ وہ نائن زیرو آنے کی زحمت نہ کریں۔ لندن کی رابطہ کمیٹی کے حوالے سے بھی فیصلہ ایک دو روز میں متوقع ہے۔الطاف حسین نے ایم کیوایم کے تمام زونز اورسیکٹرز سے تعلق رکھنے والے ارکان سے کہا کہ جو کارکن خود کورابطہ کمیٹی کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے اہل سمجھتے ہوں وہ اپنے کوائف نائن زیرو میں جمع کرا دیں تاکہ انٹر ویوز کے بعد نئی رابطہ کمیٹی تشکیل دی جا سکے۔واضح رہے کہ 2 روز قبل بھی الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے تمام شعبہ جات بند کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم کارکنوں کے بے حد اصرار پر انھوں نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا تھا۔