پشاور(نیوزڈیسک)آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ سرحد پار داعش کی موجودگی کو نظر انداز نہیں کیاجاسکتا جبکہ پاکستان میں بھی کچھ پرانے عسکریت پسند نئے نام کے ساتھ مصروف عمل ہیں جن پر سکیورٹی ادارے نظر رکھے ہوئے ہیں۔صانسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخواناصر درانی نے کہا ہے کہ ناگہانی آفات اور سیلاب کی صورت حال کے باعث خیبر پختونخواہ پولیس کےلئے تیراکی لازمی قرار دے دی گئی ہے۔ ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پولیس سے ہونے والی غلطیوں کو کسی صورت نہیں دہرایا جائے گا۔ پشاور کے پولیس لائن میں انسپکٹر جنرل ناصر خان درانی کی جانب سے عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پولیس سربراہ کا کہنا تھا کہ سیلاب اور قدرتی آفات میں پولیس فورس سے مدد لینے کے لئے جوانوں کو جدید خطوط پر تربیت دی جائے گی۔ پولیس اہلکاروں کی پاک نیوی سے تیراکی کی خصوصی تربیت کی جائے گی۔ناصر درانی نے کہا کہ30جولائی کو ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن سے پولنگ بوتھوں کی تعداد میں اضافے اور خواتین پولنگ سٹیشنز پر مردوں کے داخلے کو ممنوع قراردینے کی درخواست کی۔انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے موقع پر ماضی کی غلطیوں کو دہرانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔