جہانیاں(نیوزڈیسک)ممبر قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سمیت ملک کا بیشتر علاقہ سیلاب میں ڈوب چکا ہے جس سے لاتعداد اموات ہوئیں اس کے ذمہ دار حکمران ہیں اگر کالا باغ ڈیم بن جاتا تو ملک میں ایسی تباہی نہ ہوتی ، ملک میں ایک تماشہ لگا ہوا ہے غریب عوام کا نعرہ لگا کر اقتدار میں آنے والے اسے بھول چکے ہیں،ملکی سیاست غلاظت کا ڈھیر ہے لیکن جاگیرداروں کے ظلم و ستم سے تنگ آکر اور غریب کے مفاد کی خاطر سیاست میں آیا ہوں ،بہت جلد غریب عوام کی سیاسی پارٹی قائم کروں گا،وزیرستان ،کراچی اور بلوچستان میں موجود دہشت گردوں سے بھی بڑے دہشت گرد اسمبلیوں میں موجود ہیں،حکمران کالا باغ ڈیم بنا کر امریکہ کوناراض نہیں کرنا چاہتے وہ امریکی و اسرائیلی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جہانیاں کے نواحی علاقہ اڈہ پل چودہ پر پاکستان اتحاد کے اشتراک سے حکومتی پالیسیوں کے خلاف بطور احتجاج سائیکل مارچ کے آغاز پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے مظفر گڑھ سمیت دیگر علاقوں میں ایسی تباہی پھیلی ہوئی ہے جیسے خود کش حملے ہوئے ہوں لوگوں کے گھر گرے ہوئے ہیں ان کے مال اسباب مویشی دریا میں بہہ گئے سیلاب میں ڈوبے درجنوں افراد کی لاشیں بغیر گور و کفن پڑی ہیں اس کا ذمہ دار صرف حکمران ہیں اگر ملک میں ڈیم بنادیے جاتے تو ہر سال ملک میں ایسی تباہی نہ پھیلتی۔انہوں نے کہا کہ حکومت قرآن کریم کی تعلیمات کے صریحاً خلاف ورزی کرتے ہوئے یہود و نصاریٰ سے پیار محبت کی پینگیں بڑھا رہی ہے لاکھوں مسلمانوں کے قاتل نریندر مودی سے دوستیاں لگا کر ملکی غیرت گروی رکھی جا رہی ہے ،حکمران ملک میں کالا باغ ڈیم بنا کر امریکہ کو ناراض نہیں کرنا چاہتے وہ قرآنی تعلیمات بھلا کرامریکی و اسرائیلی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں ۔جمشید دستی نے کہا کہ اسمبلیوں نے67برسوں سے غریب عوام کیلئے کچھ نہیں کیا ہے اسی لیے میں سیاست کے میدان میں اترا ہوں ہم پاکستان کسان اتحاد کے ساتھ مل کر ملک غریب مزدور کسانوں کو متحد کرنے کیلئے پارٹی قائم کریں گے جہاں سے غریب کے حقوق کیلئے آواز بلند کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے غریب عوام کے مسائل کا ادراک صرف اس ملک کے باسی ہی کرسکتے ہیں ملک کے تمام حکمرانوں کے امریکہ،برطانیہ،دوبئی ،سوئٹزر لینڈ اور سعودی عرب میں کاربار اور جائیدادیں ہیںپاکستان کا ایک بھی سیاست تعریف کے لائق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے بھی وزیر بننے کی آفر کی گئی لیکن میں اجڑی قوم کا نمائندہ ہوں میں ذاتی مفاد نہیں بلکہ جنوبی پنجاب کی محرومیوں کی بات کرتا ہوں میں ملک کا وہ واحد نمائندہ ہوں جس نے اسمبلیوں میں غریب مزدور اور کسانوں کی آواز بلند کی ہے کسی کو آج تک ایسی توفیق نہیں ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں عدلیہ کا کوئی وجود نہیں ہے اگر ملک میں عدلیہ ہوتی تو ملک میں جو غریب مزدور اور کسانوں کے ساتھ ظلم ہوا اس کا تدارک کیا جاتا اگر کرپشن پر سزائے موت دی جائے تو ملک امن کا گہوارہ بن سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملکی سیاست غلاظت کا ڈھیر ہے میرے پاس کوئی دھن دولت نہیں ہے لیکن غریب عوام کے حقوق کیلئے ملکی سیاست جو کہ بہت بڑی برائی اور جھوٹ ہے اس جیسے گند کا حصہ بنا ہوں میں غریب عوام کا نمائندہ ہوں سے عوام سے محبت اور غربت کا رشتہ ہے اس ملک میں ایک تماشہ لگا ہوا ہے غریب عوام ،مزدور کسان کا نعرہ لگا کران کے ووٹوں سے اقتدار میں آنے والے غریب عوام کو فراموش کر چکے ہیں۔کسان اتحاد سچ کا ساتھ دے رہے ہیں عوام ان کا بھرپور ساتھ دیں۔جمشید دستی نے اس موقع پر حکومتی پالیسوں کے خلاف بطور احتجاج سائیکل مارچ کا بھی آغاز کیا ۔