پشاور(نیوزڈیسک) خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف دیگر سیاسی جماعتوں کے مقابلے میں سب سے آگے ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے سرکاری اور حتمی نتائج کا اعلان 7جون کو کیا جائے گا تاہم ریٹرننگ افسران بلدیاتی انتخابات کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج جاری کررہے ہیں جس کے تحت صوبے کی ضلعی کونسل کی 978 میں سے 570 نشستوں میں سے تحریک انصاف نے 173 ، آزاد امیدواروں نے 72 نشستیں حاصل کرلیں ہیں۔ اس کے علاوہ جے یو آئی(ف)کی77 ، جماعت اسلامی کی 49 ، مسلم لیگ (ن) 43، اے این پی 89، پیپلزپارٹی 18 جب کہ قومی وطن پارٹی نے7 نشستیں جیت لیں ہیں، اس کے علاوہ صوبے کی تحصیل کونسل کی 978 نشستوں میں سے 400 نشستوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف 126 ،آزاد امیدواروں نے 77 ، جے یو آئی(ف)45، جماعت اسلامی نے57،اےاین پی 32 اور مسلم لیگ (ن)نے 19 نشستیں حاصل کرلیں۔صوبائی دارالحکومت پشاور میں ضلعی کونسل کی 92 نشستوں میں تحریک انصاف نے 17، اے این پی نے 6، پیپلز پارٹی نے3 ، جماعت اسلامی اور جے یو آئی (ف) نے 2،2 جب کہ آزاد امیدواروں نے 5 نشستیں جیت لی ہیں۔ اس کے علاوہ نوشہرہ اور صوابی میں تحریک انصاف، چارسدہ میں عوامی نیشنل پارٹی، اپر دیر اور لوئر دیر میں جماعت اسلامی جب کہ سوات میں مسلم لیگ (ن) اور مانسہرہ میں جے یو آئی (ف) آگے ہیں، ڈیرہ اسماعیل خان میں تحریک انصاف اور جے یو آئی (ف) جب کہ صوابی میں تحریک انصاف اور اے این پی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے۔