مظفرآباد (نیوز ڈیسک )ایس ایس پی مظفرآباد کو او ایس ڈی تعینات کئے جانے کے خلاف، پولیس فورس کے اہلکاروں نے احتجاج کیا اور کام بند کردیا ہے۔ حکومت کی جانب سے نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے بعد مظفرآباد میں قائم ایس ایس پی آفس میں تعینات افیسران و اہلکاروں نے کام چھوڑ کر دفتر کے باہر احتجاج شروع کیا. جس کے بعد شہر کے تین تھانوں کے ایس ایچ اوز اور ٹریفک سارجنٹ سمیت ضلع میں تعینات دیگر افسران اور اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ اس موقع پر پولیس افسران اور اہلکاروں نے ٹوپیاں اور سرکاری بیلٹس اتار کر حکومت مخالف نعرے لگائے۔ پولیس افسران کا کہنا تھا کہ مظفرآباد کے ایس ایس پی کی بحالی تک وہ احتجاج جاری رکھیں گے۔ شہر کی سول سوسائٹی اور تاجر تنظیموں نے مظفرآباد پولیس کی مطالبے کی حمایت کی جبکہ پولیس کے احتجاج کے باعث شہر بھر میں ٹریفک جام ہوگیا۔ یہ خیال رہے کہ گزشتہ روز ایس ایس پی مظفرآباد عرفان مسعود کشفی کو او ایس ڈی کئے جانے کا حکومتی نوٹیفکیشن موصول ہوا تھا، جس کے خلاف پولیس نے احتجاج کا راستہ اختیار کیا۔ ذرائع نے مظفر آباد پولیس کی جانب سے کئے جانے والے احتجاج کو تاریخ کا انوکھا واقع قرار دیا ہے.
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں