اسلام آباد(نیوز ڈیسک) لال مسجد کے نائب خطیب غازی عبدالرشید قتل کیس میں ایڈیشنل سیشن جج واجد علی نے سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے دائر درخواستوں کو خارج کرنے کا حکم سناتے ہوئے پرویز مشرف کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔ منگل کے روز ہونے والی سماعت میں لال مسجد کی طرف سے ایڈووکیٹ طارق اسد اورایڈووکیٹ ملک عبدالحق جبکہ پرویز مشرف کی طرف سے ایڈووکیٹ اختر شاہ عدالت میں پیش ہوئے۔ فاضل جج نے پرویز مشرف کی جانب سے دائر درخواستوں‘ ملزم کو حاضری سے استثنیٰ اور کیس کو مجسٹریٹ کے پاس دوبارہ بھیجنے کو مکمل طور پر خارج کردیا جبکہ مقدمے کو سپریم کورٹ میں بھی زیر سماعت ہونے پر سیشن عدالت سے ختم کرنے اور ملزم کو عدم ثبوت پر بری کرنے کی درخواستیں جزوی طور پر خارج کردیں۔ فاضل جج نے پرویز مشرف کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت2اپریل تک ملتوی کردی۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق اسد ایڈووکیٹ نے کہا کہ عدالت نے شدید دباﺅ کے باوجود بھی انصاف کے تقاضے پورے کردئیے ہیں۔ اختر شاہ ایڈووکیٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم عدالت کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔