اسلام آباد( نیوزڈیسک ) پانچویں جماعت کا امتحان پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کی بدانتظامی کی مثال بن گیا ، آج پھر متعدد اضلاع میں غلط پرچے بھجوا دئیے ، عملے نے امتحان لینے سے انکار کر دیا۔ محکمہ تعلیم کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ، پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ، پہلے ریاضی کے پرچے کی بجائے جنرل سائنس کا غلط پرچہ بھجوا دیا گیا اور پھر بروقت پرنٹنگ اور امتحانی سنٹروں تک پرچوں کی عدم فراہمی کے باعث انگریزی کا ہونے والا پرچہ بھی ملتوی کرنا پڑا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے پانچویں جماعت کے پرچوں میں بدانتظامی کا نوٹس لے لیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سیکرٹری سکولز سے فوری رپورٹ مانگ لی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ امتحانات میں بدانتظامی کے ذمہ داروں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔