اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارت میں تیار کیا جانے والا جنگی طیارہ تیجس دبئی ایئر شو کے دوران ڈیمونسٹریشن کے وقت حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا۔ طیارہ زمین سے ٹکراتے ہی زور دار آگ بھڑک اٹھی اور جائے وقوعہ پر گھنا دھواں دیکھنے میں آیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بھارتی فضائیہ (IAF) نے تصدیق کی کہ اس افسوسناک واقعے میں پائلٹ جان کی بازی ہار گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق بھارتی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کو پیش آنے والے حادثات کوئی نئی بات نہیں۔ گزشتہ پانچ برس میں ایسے کئی واقعات سامنے آ چکے ہیں، جن کی چند مثالیں یوں ہیں:
فروری 2020: ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی بحریہ کا میگ-29 گوا کے ساحلی علاقے کے قریب تربیتی مشن کے دوران گر کر تباہ ہوا۔
17 مارچ 2021: بھارت میں میگ-21 بائیسن کی تباہی کے نتیجے میں گروپ کیپٹن اے گپتا ہلاک ہوئے۔ ایئرفورس نے حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دی۔
29 جولائی 2022: راجستھان میں سوویت دور کا میگ-21 تربیتی پرواز کے دوران کریش ہوا، جس میں دو پائلٹ، وِنگ کمانڈر ایم رانا اور فلائٹ لیفٹیننٹ آدویتّیہ بال ہلاک ہوگئے۔
29 جنوری 2023: دہلی کے قریب فضائی مشقوں میں ایک ایس یو-30 اور ایک میراج 2000 بظاہر آپس میں ٹکرانے کے بعد گر کر تباہ ہوئے۔ حادثے میں ایک پائلٹ جان سے گیا جبکہ دو زخمی ہوگئے۔
8 مئی 2023: راجستھان کے سورت گڑھ میں ایمرجنسی کے باعث ایک مگ-21 گر گیا، جس کے نتیجے میں زمین پر موجود تین افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک گھر مکمل تباہ ہوگیا۔ پائلٹ طیارے سے بحفاظت نکلنے میں کامیاب رہا۔
12 مارچ 2024: بھارت کا مقامی طور پر تیار کردہ جنگی طیارہ تیجس پہلی مرتبہ شامل کیے جانے کے بعد راجستھان میں حادثے کا شکار ہوا۔
4 نومبر 2024: ایک مگ-29 طیارہ آگرہ کے قریب سسٹم خرابی کے باعث کریش ہوا۔ پائلٹ نے طیارے کو آبادی سے دور لے جا کر ایجیکٹ کیا اور محفوظ رہا۔ تحقیقات کا حکم دے دیا گیا۔
9 جولائی 2025: راجستھان کے ضلع چورو میں جیگوار جنگی طیارہ گرنے سے دونوں پائلٹ ہلاک ہوگئے۔ حادثہ ایک کھیت میں پیش آیا جس کا وقت دوپہر 1 بج کر 25 منٹ بتایا گیا۔
بھارتی فضائیہ کے یہ مسلسل حادثات ایک بار پھر اس کے طیاروں کی سیکیورٹی اور مینٹیننس پر سوال اٹھا رہے ہیں۔















































