اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارت سے ایک اور سیلابی ریلہ 29 اگست کی شام کو پاکستان پہنچے گا، فلڈ فورکاسٹنگ کی جانب سے نیا مراسلہ جاری کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق فلڈ فورکاسٹنگ پنجاب نے بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کا نیامراسلہ جاری کیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ بھارت سے سیلابی ریلہ 29 اگست کی شام دریائے چناب ہیڈ تریموں بیراج پہنچے گا۔فلڈ فورکاسٹنگ پنجاب نے بتایا کہ ہیڈ تریموں بیراج پر انتہائی اونچے درجے کا سیلابی ریلا ہوگا، 2 ستمبر کو ہیڈ پنجند کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلابی ریلا پہنچے گا۔
شدید بارشوں اور بھارت کی جانب سے آنے والے دریاؤں میں بہت زیادہ پانی چھوڑے جانے کے باعث پنجاب میں سیلاب سے اب تک 25 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔اس وقت بھی پنجاب کے دریاؤں میں اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے، دریائے راوی، چناب اور ستلج میں سیلابی صورت حال سے کئی اضلاع شدید متاثر ہوئے ہیں۔پانی دیہات اور بستیوں میں داخل ہو گیا ہے، شہر بھی زیر آب آ گئے، صوبے میں تاریخ کا بد ترین سیلاب پچیس جانیں نگل گیا ہے۔گوجرانوالہ ڈویژن میں سیلاب سے 15 افراد جاں بحق ہوئے، کمشنر گوجرانوالہ نے بتایا سمبڑیال میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جان سے گئے، گجرات میں سیلاب کے باعث 4، نارووال میں 3، حافظ آباد میں 2 اور گوجرانوالہ میں 1 شخص جان سے گیا۔