اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اگر عمران خان کے صاحبزادے بھی گرفتار ہوں گے تو وہی لمحہ ہوگا جب وہ حقیقی سیاسی وارث بن سکیں گے۔نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ماضی میں عمران خان اور ان کے حامی موروثی سیاست پر اعتراض کرتے رہے ہیں، لیکن اگر اب ان کے بیٹے پارٹی قیادت سنبھالتے ہیں تو ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں۔
ان کے مطابق اگر عمران خان یہ فیصلہ کرتے ہیں کہ ان کے بیٹے پارٹی کو لیڈ کریں تو وہ اس کی حمایت کریں گے۔رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ سیاست میں کئی مرتبہ گرفتاری ایک بڑی “سیاسی کوالیفکیشن” بن جاتی ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کو وزیراعلیٰ پنجاب بننے کے سفر میں اس لمحے کو خاص اہمیت حاصل ہے جب وہ اپنے والد کے ہمراہ گرفتار ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ پر والد اور بیٹی کی گرفتاری نے انہیں سیاسی طور پر اہل ثابت کیا۔ان کا کہنا تھا کہ موروثی سیاست پر تنقید کرنے والوں کو اب خود سوچنا ہوگا کہ وہ کن اصولوں پر کھڑے ہیں۔ انہوں نے ذاتی رائے دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے بیٹوں کو سیاسی خطرات میں نہیں ڈالنا چاہیے، لیکن اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو وہ انہیں سیاسی میدان میں خوش آمدید کہیں گے۔