اسلام آباد (نیوز ڈیسک) جمعرات کی صبح لاہور کے علاقے والٹن اولڈ ایئرپورٹ کے قریب اچانک دھماکوں کی آوازوں نے شہریوں کو خوفزدہ کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق، یکے بعد دیگرے تین دھماکے سنے گئے جن کی آوازیں اس قدر بلند تھیں کہ قریبی آبادی کے افراد خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے۔
ابتدائی طور پر ان دھماکوں کی نوعیت واضح نہیں ہو سکی، تاہم سیکیورٹی فورسز اور ریسکیو ادارے فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی گئیں۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر قریبی تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے اور سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ والٹن میں واقع ایک اہم سیکیورٹی ادارے کے دفتر کو مبینہ طور پر ڈرون کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بھارتی ڈرون کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔
واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم ادارے کی عمارت کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔ حکام کے مطابق یہ ڈرون سرحد پار سے جاسوسی کی نیت سے اڑایا گیا تھا اور حساس مقامات کی نگرانی کے لیے بھیجا گیا تھا۔
واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور ڈرون کے ملبے سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ حملے کی مکمل تفصیلات سامنے لائی جا سکیں۔