اسلام آباد(این این آئی)اسٹیبلشمنٹ ذرائع نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کا پی ٹی آئی کیساتھ نہ کوئی رابطہ ہے اور نہ ہی کوئی ڈیل ہو رہی ہے۔اسٹیبلشمنٹ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی کسی شخصیت کیساتھ اسٹیبلشمنٹ کے مذاکرات نہیں ہوئے، مقتدرہ نہ تو بات چیت کی خواہشمند ہے نہ ہی موجودہ صورتحال میں اسکا امکان ہے، اسٹیبلشمنٹ اپنے موقف پر پوری طرح قائم ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان 9مئی پر معافی مانگیں اس کے بعد بھی انہیں سیاسی حکومت سے ہی بات کرنا ہو گی، پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے کچھ حلقے جان بوجھ کر یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ مقتدرہ اسے انگیج کر رہی ہے ، مگر اس میں کسی قسم کی کوئی صداقت نہیں ہے ۔اسٹیبلشمنٹ ذرائع نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کیساتھ ڈیل یا انکے قانونی ریلیف سے متعلق مقتدرہ کوئی کردار نہ تو ادا کرنے جا رہی ہے نہ ہی یہ معاملہ اس فورم پر طے ہونا ہے ، جب اگر کوئی بات چیت ہوئی بھی تو پاکستان تحریک انصاف کو سیاسی حکومت کیساتھ بیٹھنا ہے اور رولز آف دی گیم طے کرنے ہیں۔