اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریکِ انصاف نے ججز تقرر کے کمیشن کا حصہ بننے کا فیصلہ کر لیا۔پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے خصوصی اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی نے باضابطہ طور پر جوڈیشل کمیشن پاکستان کا حصہ بننے کا فیصلہ کر لیا ہے۔اعلامیے کے مطابق جوڈیشل کمیشن پاکستان کے لیے پارلیمان سے ارکان نامزد کرنے پر اتفاق کیا گیا، جوڈیشل کمیشن پاکستان کے لیے حزبِ اختلاف کے 2 ارکان کی نامزدگیوں سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی کے خط پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوان بریفنگ میں بتایا گیا کہ جوڈیشل کمیشن پاکستان طویل المدت کمیشن ہو گا، کمیشن کی فیصلہ سازی میں حزب اختلاف کے 2 ارکان کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔اعلامیے کے مطابق پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے جوڈیشل کمیشن کا حصہ بننے کی تجویز متفقہ منظور کی، کمیشن میں حزبِ اختلاف کی نمائندگی کے لیے 2 ناموں کا اعلان بانی پی ٹی آئی کی منظوری کے بعد ہو گا۔سیاسی کمیٹی کے فیصلے کو توثیق کے لیے کور کمیٹی اور حتمی منظوری کے لیے بانی پی ٹی آئی کو بھیجا جائے گا۔