راولپنڈی (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے فوج کے ساتھ بات چیت کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے مذاکرات کے لیے تیار ہیں، فوج اپنا نمائندہ مقرر کرے۔انہوں نے پاک فوج کے ساتھ بات چیت اور مذاکرات کی اپنی اس خواہش کا اظہار اڈیالہ جیل راولپنڈی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
عمران خان نے کہا کہ ہم نے فوج پر کبھی الزامات نہیں لگائے، تنقید کی ہے، گھر میں کوئی بگڑا ہوا بچہ ہو تو اس پر تنقید کی جاتی ہے، فوج پر تنقید اس وجہ سے کی تھی کیونکہ تنقید جمہوریت کا حسن ہے۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں یہ نہ سکھائیں کہ فوج نے کبھی کوئی غلطی نہیں کی، ذوالفقار علی بھٹو کی سزا کے پیچھے جنرل ضیا تھا، سقوط ڈھاکا کے پیچھے جنرل یحییٰ خان کا ہاتھ تھا۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کیا ہے، محسن نقوی کون ہے، غیر اعلانیہ مارشل لا نافذ ہے، مذاکرات کے لیے تیار ہیں، فوج اپنا نمائندہ مقرر کرے، محسن نقوی سے کبھی بات نہیں کروں گا۔