لاہور/کراچی /نارووال ( این این آئی)بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف ملک بھر میں شہری سراپا احتجاج بن گئے ،لاہور ، کراچی، نارووال سمیت کئی مقامات پر احتجاجی مظاہرے ہوئے اور مظاہرین نے احتجاجاً بجلی کے بل نذر آتش کئے، سوشل میڈیا پر بھرپور مہم شروع ہو گئی ۔ تفصیلات کے مطابق بجلی کے بلوں میں مسلسل اضافے کے خلاف عوام کا پارہ چڑھنے لگا ہے اور کئی مقامات پر احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے ۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں عوام بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور بھاری بھرکم بلوں کے خلاف احتجاج کے لئے سڑکوں پر نکل آئے ۔مظاہرین نے کہا کہ بجلی کے بلوں کی وجہ سے جینا محال ہو رہا ہے ۔عوام کی جانب سے شیڈول سے ہٹ کر ریڈنگ لینے کے لئے آنے والے میٹر ریڈرز کا بھی گھیرائو کرنے کی اطلاعات ہیں ۔کراچی میں بھی شہریوں نے مہنگی بجلی اور بھاری بھرکم بلوں کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔ٹمبرمارکیٹ کے مکینوں نے کے الیکٹرک دفتر کا گھیرا ئوکیا اور عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ تاجر برادری بھی سراپا احتجاج رہی۔ٹمبر مارکیٹ میں کے الیکٹرک کے عملے کو تاجروں نے کئی گھنٹے پکڑے بھی رکھا۔مظاہرے میں شریک تاجر برادری نے بجلی کے بل ادا نہ کرنے کا اعلان بھی کیا۔
بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافے اور مہنگائی کے خلاف تاجروں نے دو گھنٹے علامتی شٹر ڈائون کر کے شدید احتجاج کیا ،مظاہرین نے بجلی کے بل نذر آتش کر تے ہوئے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔تفصیل کے مطابق نارووال کے تاجروں نے بجلی کی قیمتوں اضافے اور مہنگائی کے خلاف دو گھنٹے علامتی شٹر ڈائون کر کے لبرٹی بازار میں احتجاج کیا ، اس دوران تاجروں نے احتجاجاً بجلی کے بل نذر آتش کئے ۔تاجروں نے کہا کہ عوام کو کسی نہ کسی حکمران کے آگے بیچ دیا جاتا ،کوئی 3 مہینے کے لئے آتا ہے کوئی 4 مہینے کے لئے ،پاکستان کی کوئی پالیسی نہیں ہے ، بجلی کے نرخ 70 روپے یونٹ تک پہنچ گئی ہے ۔تاجروں نے مطالبہ کیا کہ حکومت نے بجلی نرخ کم نہ کئے تو چند روز بعد ضلع بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف شہریوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر بھی بھرپو رمہم شروع کر دی گئی ہے ۔ لوگ ایک دوسرے کو بل جمع نہ کرانے کی ترغیب دے رہے ہیں جبکہ احتجاج کیلئے بھی حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے۔