اسلام آباد (این این آئی)پاکستان کیلئے افغانستان کے صدر کے نمائندہ خصوصی عمر دائود زئی نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان نے امن عمل پر باضابطہ مذاکرات کیلئے مشترکہ گروپ بنایا ہے جس کی سربراہی دونوں ممالک کے خصوصی نمائندے کر رہے ہیں ، انہوں نے پاکستانی فوجی ترجمان کے اس بیان کا خیر مقدم کیا جس میں
انہوں نے کہا تھا پاکستان افغانستان میں طالبان کے دوبارہ کنٹرول کی حمایت نہیں کرتا اور یہ کہ افغانستان کا موجودہ ریاستی ڈھانچہ آسانی سے ختم نہیں کیا جاسکتا ،امید ہے افغان صدر اشرف غنی رمضان سے پہلے پاکستان کا دورہ کرینگے ۔یاد رہے کہ 19نومبر کو وزیر اعظم عمران خان کے دورہ افغانستان کے دور ان جاری کئے گئے ایک مشترکہ اعلان میں دونوں گروپس بنانے پر اتفاق کیا گیا تھا ، یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پاکستان اور افغانستان میں امن عمل سے متعلق باضابطہ مذاکرات کا آغاز کیاگیا ہے اس سے پہلے پاکستان امریکہ اور طالبان کے ساتھ امن عمل سے متعلق مذاکرات کیا کرتا تھا ۔این این آئی کے ساتھ اسلام آباد میں ایک خصوصی انٹرویومیں دائود زئی نے کہاکہ امن عمل کے علاوہ دونوں نے سکیورٹی معاملات میں تعاون کیلئے بھی ایک گروپ تشکیل دیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ امن عمل پر مشترکہ گروپ کی پہلی میٹنگ چند دن پہلے اسلام آباد میں ہوئی تھی جس میں پاکستانی حکام نے افغانستان میں جنگ بندی سے متعلق اپنے کر دار کی مکمل یقین کرائی تھی ۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے 19نومبر کو ہونے والے دورہ افغانستان کو دونوں ممالک نے ایک تاریخی دورہ قرار دیا تھا جس میں ماضی کی نسبت بات چیت واضح اور مختلف ہے اس دورے میں عمران خان نے افغان صدر ، ان کی ٹیم اور افغانوں سے کہا
کہ افغانستان میں جنگ اور افغانوں کا قتل عام اور مشکلات سے ان کو بہت تکلیف پہنچی ہے اور یہ جنگ ختم ہو نی چاہیے اور پائیدار امن آنا چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان نے یہ یقین دہانی کرائی تھی کہ افغانستان نے جوپاکستان سے توقعات وابستہ کی ہیں پاکستان ان سے زیادہ کریگا اور افغان رہنما بتائے کہ پاکستان کیا کرسکتا ہے ؟۔ دائودزئی
نے کہاکہ اس کے بعد کئی پیغامات کا تبادلہ ہوا اور وزرائے خارجہ کی سطح پرمذاکرات کی تجویز آئی ،پھر دونوں وزرائے خارجہ اس پر متفق ہوگئے کہ نمائندہ خصوصی کی سطح پر مذاکرات ہوں اور ایک گروپ آپس میں بیٹھ جائے اور افغانستان اپنے مطالبات کی ایک لسٹ پاکستان کے حوالے کرے اور میرا دورہ اس مقصد کیلئے تھا
بالخصوص امن پر توجہ تھی اور اس سلسلے میں ہم نے اپنی تجاویز کی لسٹ پاکستان کے حوالے کر دی ۔انہوںنے کہاکہ لسٹ میں دو اہم مطالبات ہیں جس میں ہم نے افغانستان میں جنگ بند کر نے کا مطالبہ کیااور پاکستان کو اپنا اثرورسوخ استعمال کر نے کی درخواست کی ہے کہ طالبان کو بغیر کسی رکاوٹ کے مذاکرات جاری رکھنے چاہئیں
اس سوال پر کیا پاکستان طالبان کو قائل کر سکتے ہیں جس طرح افغانستان چاہتا ہے تو دائود زئی نے کہاکہ اگر پاکستان طالبان پر کنٹرول کی بات نہیں کرتا اور اثرورسوخ رکھتا ہے تو ہم کہتے ہیں یہ بھی ٹھیک ہے اور اپنے اثرورسوخ سے فائدہ اٹھا کر طالبان کو قائل کرے ۔اس سوال پر کہ جنگ بندی سے متعلق ان کی پاکستان سے کیا
توقعات ہیں تو افغان صدارتی نمائندے نے بتایاکہ وزیر اعظم کے دورہ کابل میں صدر اشرف غنی نے ان سے جنگ بندی میں تعاون کی درخواست کی تھی ۔انہوں نے کہاکہ جب طالبان کے قطر دفتر کے سربراہ ملا برادر نے پاکستان کا دورہ کر نا تھا تو عمران خان نے طالبان کے ساتھ ملاقات سے پہلے صدر غنی کو فون پر یقین دہانی کرائی تھی کہ
وہ جنگ بندی کا معاملہ شدومد سے طالبان کے ساتھ اٹھائیں گے اور اگرطالبان نے نرمی دکھائی تو وہ اجلاس ہی سے صدر غنی کو فون کر کے اس کی اطلاع دینگے لیکن جب فون نہیں گیا تو کابل میں یہ یقین پیدا ہوگیا کہ طالبان نے اپنے موقف میں لچک نہیں دکھائی ۔دائود زئی نے کہاکہ انہوںنے پاکستان کو تجویز دی تھی کہ تشدد میں کمی کی
اصطلاح استعمال کے بجائے پاکستانی رہنما سرکاری بیانات میں جنگ بندی کا واضح طورپر مطالبہ کریں جس پر پاکستان نے ان سے اتفاق کیا ۔دائود زئی نے پاکستانی فوج ترجمان کے اس بیان کا خیر مقدم کیا جس میں انہوںنے کہا تھا کہ پاکستان افغانستان میں طالبان کے دوبارہ کنٹرول کا حامی نہیں ہے ، افغان صدارتی نمائندے کے مطابق یہ بیان
مثبت پیشرفت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں یہ محسوس ہورہاہے کہ افغانستان تبدیل ہو چکا ہے اور یہ 90کی دہائی والا افغانستان نہیں اور پاکستانی فوجی ترجمان نے یہ بیان حالات کا جائزہ لیکر دیا ہوگا ۔دائود زئی کے مطابق یہ بات واضح ہے کہ نہ طالبان اور نہ افغان فورسز لڑائی میں جیت سکتے ہیں لہذا مذاکرات اور امن ہی مسئلے کا
واحد راستہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی وزیر اعظم کے دورہ کابل کے دور ان دونوں ممالک امن عمل اور سکیورٹی کے معاملات پر دو مشترکہ گروپس بنانے پر متفق ہوگئے تھے انہوں نے تسلیم کیا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اعتماد کی بحالی میں کافی پیشرفت ہوئی ہے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ انہیں امید ہے کہ صدر اشرف غنی رمضان سے پہلے پاکستان کا دورہ کرینگے ۔