راولپنڈی(آن لائن ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی سنٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل کینتھ مکنزی جونئیر نے ملاقات کی ۔آئی ایس پی آ ر کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امریکی سینٹرل کمانڈ کے نئے سربراہ جنرل کینتھ مکینزی جونئیر نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے
ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال سمیت افغان مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال ہوا، اس موقع پر افغان صورتحال کے سیاسی حل کی اہمیت پر دونوں فریقین میں اتفاق پایا گیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں فروغ امن کی کوششوں کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، افغانستان میں امن پاکستان کیلئے اہمیت رکھتا ہے، امریکی کمانڈر نے دہشتگردی کیخلاف جنگ اور خطے میں استحکام کیلئے پاکستان کے کوششوں کو سراہا ۔دوسر ی جانب پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے روسی صدر کے نمائندہ برائے افغانستان ضمیر کبلوف نے ملاقات کی۔جس میں پاکستان اور روس کا باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے روسی صدر کے نمائندہ برائے افغانستان ضمیر کبلوف نے جمعہ کو جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں آ رمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے روسی نمائندے نے تفصیلی ملاقات کی، اس ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ افغانستان میں جاری امن عمل میں ہونے والی پیش رفت بھی زیر غور آئی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دونوں ممالک میں امن خطے کے بہترین مفاد میں ہے، روسی نمائندے نیافغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ پاک روس تعلقات مستقبل میں مزید فروغ پائیں ھے، دونوں جانب سے باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق پایا گیا۔