اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)معروف تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومتی کابینہ کے بعض ارکان نے اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب کا دورہ کیا۔نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا کہ عمران خان کی 52 رکنی ٹیم ہے، وزیر اعظم کہتے ہیں
کہ انہیں حساس ادارے تمام معلومات فراہم کرتے ہیں اس لیے انہیں خود تحقیقات کرانی چاہئیں۔ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا کہ عمران خان خود تحقیقات کرائیں اور پتہ کریں کہ کون سے منتخب اور غیر منتخب لوگوں نے حالیہ دنوں میں تل ابیب کا دورہ کیا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ اسرائیلی وزیر اعظم نے سعودی عرب کا خفیہ دورہ کیا ہے۔ سعودی حکومت نے ان خبروں کی تردید کردی تھی لیکن اس کے بعد پاکستان میں اسرائیل کو تسلیم کرنے اور نہ کرنے کی بحث شروع ہوگئی تھی۔اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے بعض تجزیہ کاروں کی جانب سے یہ کہا گیا کہ پاکستان کو اسے تسلیم کرلینا چاہیے۔ بحث شدید ہونے پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کو ایک اخباری انٹرویو کے دوران یہ واضح کرنا پڑا کہ اگرچہ سعودی عرب بھی اسرائیل کو تسلیم کرلے لیکن پاکستان اسے تسلیم نہیں کرسکتا۔