لاہور (آن لائن) وزیراعظم عمران خان کا ایک روزہ دورہ لاہور کے موقع پر پنجاب حکومت نے فردوس مارکیٹ انڈر پاس کا افتتاح وزیراعظم کی مصروفیات سے نکال دیا۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے یہ فیصلہ وزیراعظم سیکرٹریٹ کے شدید دباؤ پر کیا ہے۔ فیصلے کے مطابق
وزیراعلیٰ پنجاب اب خود اس منصوبے کا افتتاح کریں گے، افتتاحی تقریب کو وزیراعظم کی مصروفیات سے نکالنے کی وجہ فردوس مارکیٹ انڈر پاس منصوبے کی عدم تکمیل ہے جس کی وجہ سے وزیراعظم سیکرٹریٹ سے وزیراعلیٰ پنجاب کو بتایا گیا ہے تھا کہ اگر انہوں نے ادھورے منصوبے کا افتتاح وزیراعظم سے کروایا تو پنجاب حکومت کی سبکی ہوگی کیونکہ یہ منصوبہ مقامی سطح کا ہے جس کا افتتاح صوبے کے وزیراعلیٰ کو ہی کرنا چاہئے واضح رہے کہ تین ماہ کا یہ منصوبہ چھ ماہ میں منتقل ہوچکا ہے اور اس منصوبے کے افتتاح کے حوالے سے ایل ڈی اے گزشتہ تین ماہ سے تاریخ پر تاریخ لیتا چلا آرہا ہے اور اب اس نے 26 نومبر بروز بدھ کی ایک مرتبہ پھر افتتاح کی نئی تاریخ دے دی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق فردوس مارکیٹ انڈر پاس کی سوفٹ افتتاح کی تقریب وزیر اعظم کے شیڈول میں شامل تھے لیکن اسے شیڈول سے نکال دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کام ادھوراہونے اور مقامی سطح کا منصوبہ ہونے کی وجہ سے فیصلہ کیا گیا۔ دوبارہ افتتاح کی تقریب کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اس کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔یاد رہے کہ یہ افتتاح پانچویں مرتبہ ملتوی کیا گیا ہے۔