اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران گزشتہ روز ڈالر کی قیمت میں یک دم تیزی دیکھنے میں آئی تھی تاہم آج کاروبار کے آغاز پر ڈالر کی قدر میں کمی ہوئی ہے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبارکے آغاز پر ڈالر کی قیمت میں 33 پیسے کمی ہوئی ہے جس کے بعدڈالر 159 روپے 83 پیسے سے کم ہو کر 159 روپے 50 پیسے ہو گیاہے ۔یاد رہے کہ گزشتہ روز ڈالر کی قیمت میں ایک روپیہ 53 پیسے اضافہ دیکھنے میں آیا تھا تاہم آج 33 پیسے کمی ہوئی ہے ۔دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں بھی آج کاروبارکے آغاز پر مثبت رجحان دیکھنے میں آ رہاہے جس پرکاروباری افراد اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں ، کاروبار کے آغاز پر 100 انڈیکس 40 ہزار 514 پوائنٹس کی سطح پر تھا تاہم کچھ ہی دیر کے بعد اس میں بہتری کا سفر شروع ہو گیا اور اس وقت انڈیکس 164 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 40 ہزار 679 پوائنٹس پر آ گیا۔