اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پشتون تحفظ موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی محسن جاوید داوڑ پر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے اجلاس میں شرکت پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔وہ آئندہ پی ڈی ایم کے کسی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے اور نہ ہی حکومت مخالف جماعتوں کے اس اتحاد سے ان کا کوئی تعلق ہوگا۔ روزنامہ جنگ میں فاروق اقدس کی شائع خبر کے مطابق مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے
کہ محسن داوڑ پر یہ پابندی پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے عائد کی ہے۔ اسلام آباد میں ہونے والے پی ڈی ایم کے اجلاس کے دوران مولانا فضل الرحمن اور محسن داوڑ کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا تھا.اس کی مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں جس کے مطابق اجلاس میں جس وقت تنظیمی ڈھانچے کی تشکیل کے لئے تمام جماعتوں کے ارکان کو تنظیمی ذمہ داریوں کے لیے عہدے دیئے جانے کا فیصلہ ہو رہا تھا تو محسن داوڑ کی مداخلت پر مولانا فضل الرحمن نے استفسار کیا کہ آپ کو پی ڈی ایم کے اجلاس میں شرکت کی دعوت کس نے دی تھی اور آپ کس حیثیت سے اجلاس میں شریک ہیں آپ کی جماعت کا کوئی سیاسی تشخص نہیں ہے اور نہ ہی وہ الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہے۔اس موقع پر مولانا فضل الرحمن نے اجلاس کے شرکاء سے استفسار کیا کہ محسن داوڑ کو اجلاس میں شرکت کی دعوت کس نے دی تھی جس پر تمام جماعتوں کے رہنماؤں نے نفی میں جواب دیتے ہوئے اس حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا اور واضح لفظوں میں کہا کہ ہم نے محسن داوڑ کو کوئی دعوت نہیں دی۔جس پر محسن داوڑ نے کہا کہ میں ذاتی حیثیت میں اجلاس میں شریک ہوتا ہوں، ان کا جواب سن کر مولانا فضل الرحمن نے قدرے برہمی سے کہا کہ آئندہ آپ پی ڈی ایم کے کسی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔