راولپنڈی، اسلام آباد(این این آئی)اینٹی کرپشن نے (ن)لیگ کے سابق ایم پی اے چوہدری سرفراز افضل کو گرفتارکرلیا۔تفصیلات کے مطابق سرفراز افضل کے خلاف درج مقدمے میں الزام ہے کہ انہوں نے مجاز اتھارٹی سے اجازت کے بغیر ہاسنگ سوسائٹی کے پلاٹ فروخت کیے
جس سے قومی خزانے کو نقصان پہنچا۔ایف آئی آر کے مطابق سرفراز افضل نے غیر قانونی ہاسنگ سوسائٹی کے پلاٹوں کی خریدوفروخت کرکے شہریوں سے بھاری رقوم لوٹیں۔سرفراز افضل کے والد چوہدری افضل خان، چچا ملک غلام رضا،ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ آر ڈی اے طاہرمیو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ سمیع اللہ نیازی،ڈپٹی ڈائریکٹر محمد اعجاز اور بلڈنگ انسپکٹر مقصود الحسن سمیت 10 ملزمان بھی ایف آئی آر میں نامزد ہیں۔دریں اثنا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پارٹی کے سابق ارکان صوبائی اسمبلی چوہدری سرفراز افضل اور احسن رضاخان کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ اداروں کو استعمال کر کے ایک ووٹ چور بزدل ،عوام سے خوفزدہ اور نالائق شخص ہی اپنے سیاسی مخالفین سے انتقام لے سکتا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کے بعد ایف آئی نیازی گٹھ جوڑ سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سلیکٹڈ ٹولہ سیاسی مخالفین کے خلاف
بیس سال پرانے مقدمات زندہ کر کے اپنی مردہ سیاست زندہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ جعلی ٹولہ سیاسی مخالفین کو ڈرانے کی ناکام کوشش میں اپنی گھٹیا ، چھوٹی اور پست سوچ کو بے نقاب کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب خوفزدہ ہو کر بے بنیاد مقدمات بنا کر لاہور جلسہ روکنے کی کوشش کر رہے ہیں ،عمران صاحب لاہور جلسہ تو انشااللہ ہوگا ۔