اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر نے کہا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر بہت خطرناک ہے اسے سنجیدگی سے لینا ہوگا، وزیراعظم عمران خان نے کورونا کی وجہ سے رشکئی اور دیگر جلسے منسوخ کیے
اپوزیشن کی کوشش ہے این آر او مل جائے جو انہیں نہیں مل رہا، بند دروازوں کے پیچھے ملاقاتوں میں بھی اپوزیشن کو کچھ نہیں ملا، بلاول کے دکھ میں برابر کی شریک ہوں،اللہ تعالیٰ انہیں صبر جمیل عطا فرمائے۔پروگرام میں ن لیگ کے رہنما میاں جاوید لطیف اور پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر سسی پلیجو بھی شریک تھیں۔میاں جاوید لطیف نے کہا کہ اپوزیشن کا کوئی جلسہ ملتوی نہیں کیا جائے گا، ہم عوامی حقوق اور مسائل کیلئے آواز اٹھارہے ہیں، حفیظ الرحمٰن گلگت میں آن گراؤنڈ ہے کل انہوں نے جو کچھ کہا سوچ سمجھ کر کہا ہے، عمران خان کو ہٹانے کا آئینی طریقہ تحریک عدم اعتماد ہے لیکن امپائر کے ہوتے ہوئے ایسا ممکن نہیں ہے۔سینیٹر سسی پلیجو نے کہا کہ وفاقی حکومت آرڈیننس کی فیکٹری بن چکی ہے،حفیظ الرحمٰن کے سندھ حکومت پر الزامات کو مسترد کرتی ہوں، پیپلز پارٹی اور ن لیگ ساتھ ہیں حفیظ الرحمٰن شاید غلط فہمی کا شکار ہوگئے ہیں، پی ٹی آئی بدترین دھاندلی کے باوجود گلگت بلتستان میں سادہ اکثریت بھی حاصل نہیں کرسکی۔