اسلام آباد( آن لائن ) دفتر خارجہ نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے پاکستان پر دبائو اسے متعلق میڈیا رپورٹس مسترد کر دی ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے بیان میں کہا کہ ذرائع ابلاغ میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کے بارے میں وزیراعظم کے بیان کا حوالہ دیا گیا۔
وزیراعظم سے متعلق دعوی کیا گیا کہ پاکستان پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے امریکی دبائو ہے۔ وزیر اعظم نے واضح طور پر پاکستان کا اصولی موقف پیش کیا تھا۔وزیراعظم نے کہا تھا کہ پاکستان کسی صورت اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا، مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل ناگزیر ہے، مسئلہ فلسطین کے قابل اطمینان حل تک پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کر سکتا۔ترجمان کے مطابق وزیر اعظم نے واضح کیا تھا کہ پاکستان کی پالیسی قائداعظم کے وژن سے جڑی ہے۔ وزیر اعظم کے بیانات معاملے پر پاکستانی موقف کی واضح تصدیق ہیں۔وزیراعظم کے بیان کے بعد کسی بے بنیاد قیاس آرائی کی کوئی گنجائش نہیں۔ پاکستان منصفانہ، جامع اور پائیدار امن کیلئے دو ریاستی حل کی حمایت کرتا رہے گا۔ پاکستان اقوام متحدہ اور او آئی سی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کا حل چاہتا ہے۔