اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) انکوائری کمیشن کی تشکیل، شوگر ملز مالکان کیخلاف تحقیقات اور قیمتوں میں کمی کے حکومتی دعوؤں اور درآمد کے باوجود ملک میں چینی کی قیمت نئی بلندی پر پہنچ گئی۔چینی کی قیمت ایک سو پندرہ روپے فی کلو ہوگئی، پشاور کے شہری سب سے مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں،موجودہ دور حکومت میں چینی کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
روزنامہ جنگ میں عاطف شیرازی کی شائع خبر کے مطابق ملک میں چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت پشاور میں 115 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے جبکہ کوئٹہ میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ111 روپے فی کلو تک ہوگئی ہے۔دستاویز کے مطابق کراچی،اسلام آباد،راولپنڈی، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 110 روپے فی کلو تک ہے۔اسی طرح لاہور،سرگودھا،ملتان، بہاولپور،حیدر آباد اور لاڑکانہ میں زیادہ سے زیادہ قیمت 105 روپے فی کلو تک جبکہ فیصل آباد اور خضدار میں 102 روپے اور سکھر میں زیادہ سے زیادہ قیمت 100 روپے فی کلو تک ہے۔موجودہ دور میں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ ملک کے تمام سترہ بڑے شہروں میں چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت ایک سو روپے یا اس سے زیادہ ہوگئی ہے۔دستاویز کے مطابق ملک میں اس وقت چینی کی کم سے کم قیمت بیاسی روپے جبکہ اوسط قیمت ایک سو دو روپے چھ پیسے اور زیادہ سے زیادہ قیمت 115 روپے فی کلو ہوچکی ہے۔