اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان نے رواں ماہ نوجوانوں کے پڑھنے کیلئے امریکی کاروباری شخصیت اور مصنف ریمنڈ ڈبلیو بیکر کی کتاب کیپٹلزم اچیلیس ہیل تجویز کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان نے اپنے انسٹاگرام اکائونٹ میں کتاب کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اس نومبر میں نوجوانوں کو یہ کتاب پڑھنے کا مشورہ دوں گا۔انہوں نے مذکورہ کتاب کے حوالے سے کہا کہ تجویز کردہ کتاب میں یہ واضح طور پر عیاں کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ جرائم پیشہ افراد نے سیاستدانوں اور تاجروں کو کیسے لوٹا ہے ۔عمران خان نے یہ بھی لکھا کہ اس کتاب میں یہ بات بھی واضح کردی گئی ہے کہ لوٹے گئے پیسے سے قوم، اداروں اور ملک پر کیا اثرات مرتب ہوئے۔اپنی پوسٹ کے آخر میں انہوں نے اس کتاب کو پڑھنے پر زور دیا۔یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان ہر ماہ کے آغاز میں نوجوانوں کیلئے ایک کتاب تجویز کرتے ہیں اور اسے پڑھنے پر زور دیتے ہیں۔گزشتہ ماہ اکتوبر میں عمران خان نے ترک مصنفہ کی کتاب فورٹی رولز آف لوو پڑھنے کی تجویز دی تھی۔عمران خان کا اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کہنا تھا کہ اکتوبر میں ہمارے نوجوانوں کو میں ایلف شفق کی کتاب فورٹی رولز آف لو پڑھنے کی تجویز دیتا ہوں۔ یہ خدا کی محبت ، تصوف ، رومی اور ان کے مرشد شمس تبریز کے بارے میں ایک متاثر کن کتاب ہے۔سوشل میڈیا پر صارفین نے عمران خان کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اس کتاب کا مطالعہ شروع کیا تھا۔