اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان حافظ آبادپہنچ گئے ہیں جہاں وہ اب سے کچھ دیر بعد عوام سے خطاب بھی کریں گے لیکن اس موقع پر شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کرتے ہوئے انتظامیہ نے چھٹی کا اعلان کیا ہے اور مارکیٹوں کو بند کروایا جارہاہے بلکہ یہ ہی نہیں استقبال کیلئے
سکولوں سے اساتذہ کو بھی بلانے کا کہا گیا ہے ،تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی کیساتھ وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حافظ آباد کی مارکیٹوں کو زبردستی بند کروایا جارہاہے جس پر انتظامیہ اور شہریوں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی ہے ۔دوسری جانب ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کی جانب سے اسٹنٹ کمشنر وزیر آباد کو خط لکھا گیاہے جس میں بتایا گیاہے کہ وزیراعظم عمران خان سات نومبر کو حافظ آ باد آ رہے ہیں جن کے استقبال کیلئے اساتذہ شرکت کر رہے ہیں ۔ خط میں بتایا گیاہے کہ مختلف سکولوں سے 215 ٹیچرز استقبال میں شریک ہوں گے اور اس حوالے سے سات نومبر کو گاڑیوں کو بندوبست کر دیا جائے ۔وزیراعظم عمران خان کے دورہ حافظ آباد سے متعلق ڈپٹی کمشنر نوید مرزا کی جانب سے مقامی سطح پر چھٹی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیاہے ، جس میں کہا گیاہے کہ صوبے بھر میں مقامی اورصوبائی ڈیپارٹمنٹس بند رہیں گے تاہم ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف ، ریسکیو اور پولیس کے دفاتر اپنے امور سرانجام دیتے رہیں گے۔