لاہور( این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک )حکمران جماعت کی اتحاد ی مسلم لیگ (ق) نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے دئیے گئے ظہرانے میں شرکت نہ کی ۔بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے پی ڈی ایم کی تحریک سمیت دیگر اہم قومی امور پر اعتماد میں لینے کے لئے
تحریک انصاف سمیت اتحادی جماعتوں کی قیادت اور رہنمائوںکو ظہرانے پر مدعو کیا تھا ۔ نجی ٹی وی کے مطابق ظہرانے میں اتحادیوں کے تحفظات بھی سنے جانے تھے تاہم مسلم لیگ (ق) نے ظہرانے میں شرکت نہیں کی ۔دوسری جانب طارق بشیر چیمہ کا اپنے موقف میں کہنا ہے کہ آج تک فیصلہ سازی کے کسی عمل میں شریک نہیں کیاگیا، مشاورت ہوتی ہے اور نہ ہی کسی فیصلے پر اعتماد میں لیاجاتاہے ،ق لیگ وزیراعظم کے لیے اہم نہیں تو پھر ظہرانے میں جانے کا کیا فائدہ ؟ ان کا مزید کہناتھاکہ ہم کسانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ان کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے ، لوکل باڈیز ایکٹ اور کسانوں کے معاملات پر اعتماد میں نہیں لیاگیا، کسانوں بارے حکومتی پالیسی درست نہیں اور ق لیگ کی قیادت کو حکومت سے تحفظات ہیں۔