اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی )وزیر اعظم عمران خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا فون ٹیپ کیا جاتا ہے۔نجی ٹی وی 24 نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی شکور
شاد نے فون ریکارڈ ہونے کی شکایت کی اور کہا کہ ان کا اور ان کی فیملی کا فون ٹیپ کیا جارہا ہے۔رکن قومی اسمبلی کی شکایت پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میرا بھی فون ریکارڈ ہوتا ہے، میری کالز اور میسجز کی ریکارڈنگ ہورہی ہے۔ فون ریکارڈنگ کوئی غلط بات نہیں ہے ، اس میں آپ کا ہی فائدہ ہے، اداروں کو علم ہونا چاہیے کہ کہیں عوامی نمائندے کچھ غلط تو نہیں کر رہے۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ انہیں فون ٹیپ ہونے سے کوئی مسئلہ نہیں ہے ، میں کرپشن کرتا ہوں اور نہ ہی منی لانڈرنگ کی ہے۔دریں اثنا وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی جس کے مطابق ثنا اللہ مستی خیل نے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں حکومتی کارکردگی اور وزرا اور مشیروں پر بھی کڑی تنقید کی۔ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے آغاز پر ہی ماحول میں کشیدگی کا شکار ہوگیا۔ وفاقی وزیرمراد سعید نے کہا کہ عطا اللہ بات شروع کریں گے جس پر رکن قومی اسمبلی ثنا اللہ مستی خیل
اپنی نشست پر کھڑے ہوگئے۔نجی ٹی وی کے مطابق ثنا اللہ مستی خیل نے کہا کہ میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر نہیں آزاد منتخب ہوا ہوں۔ثنا اللہ مستی خیل نے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں حکومتی کارکردگی اور وزرا اور مشیروں پر بھی کڑی تنقید کی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے وزیر اور
مشیر ٹکے کے نہیں، گندے انڈے کھانے کیلئے تیار ہو جائیں، انہوں نے کہا کہ حکومت اور عوام کے لیے حالات بہتر ہوتے نظر نہیں آرہے، عوام بجلی اور گیس کے بل دینے کے قابل نہیں رہے، ملک میں خوراک کا بحران پیدا ہوتا نظر آرہا ہے۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ
ملک کے حالات ہماری وجہ سے خراب نہیں ہیں، جو آج جلسے کررہے ہیں ان لوگوں نے ملک کا بیڑا غرق کیا، حماد اظہر اور فخر امام کو چینی گندم کے بحران پر قابو پانے کا ٹاسک سونپا ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ اپوزیشن کے جلسوں سے پریشان نہ ہوں، ہم سے بڑے جلسے کسی نے نہیں کیے۔اس موقع پر رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے کہا کہ آپ کی ٹیم ناقص ہے لیکن آج ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں، حکومت پر مشکل وقت ہے اس لیے تحفظات کے باوجود ہم ساتھ کھڑے ہیں۔