اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزارت ہائوسنگ کی نااہلی 25سال سے کوئی نئے سرکاری گھر نہ بنانے کے باعث 27ہزار سے زائد وفاقی سرکاری ملازمین گھروں سے محروم ہوگئے ہیں، سرکاری دستاویز کے مطابق وفاقی کابینہ کی جانب سے نئی سرکاری گھروں کی تعمیر پر عائد پابندی کی وجہ سے 1995 سے کوئی نئی سرکاری رہائش گاہ تعمیر نہیں کی گئی ہے۔ اسٹیٹ آفس، اسلام آباد میں موجود جی ڈبلیو ایل کے ریکارڈ کے مطابق آئی سی ٹی ، اسلام آباد
میں 27ہزار سے زائد ملازمین کو سرکاری رہائش گاہوں کی قلت کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس وقت سینکڑوں سرکاری ملازمین ریٹائرڈ ہونے کے باوجود سرکاری گھروں پر قابض ہیں جبکہ کچھ نے عدالت میں سٹے آرڈر لے کر سالہا سال قبضہ کر رکھا ہے۔ واضح رہے کہ 1995سے 2020 میں مختلف وفاقی اداروں میں ہزاروں کی تعداد میں نئی بھرتیاں ہونے کے باوجود وفاقی کابینہ کی پابندی کی آڑ میں متعلقہ وزارت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔