اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پچھلے 2 سالوں میں اچھی اور بری کارکردگی دکھانے والی وفاقی وزارتوں کی رینکنگ کی فہرست جاری،وزیراعظم ڈیلیوری یونٹ کی جانب سے جاری کی گئی فہرست میں پہلے نمبر پر وفاقی وزیر برائے ماحولیات زرتاج گل کی وزارت ہے۔
رزاق دائود کی وزارت تجارت دوسرے، علی محمد خان کی وزارت برائے پارلیمانی امور تیسرے، اسد عمر کی وزارت برائے تجارت و منصوبہ بندی اصلاحات چوتھے نمبر پر ہے۔ شبلی فراز کی وزارت برائے اطلاعات پانچویں، شہریار آفریدی کی وزارت برائے منشیات چھٹے، شاہ محمود قریشی کی وزارت خارجہ کا ساتویں ، فہمیدہ مرزا کی وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ آٹھویں ، زلفی بخاری کی وزارت اوورسیز پاکستانی نویں اور کارکردگی کے لحاظ سے محمد میاں سومرو کی وزارت نجکاری دسویں نمبر پر ہے۔ شیخ رشید کی وزارت ریلوے، مراد سعید کی وزارت برائے مواصلات، فواد چوہدری کی وزارت برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کارکردگی کے لحاظ سے ٹاپ ٹین میں بھی جگہ نہ بنا سکی۔مزیدبرآں عمر ایوب کی پانی و بجلی ، شفقت محمود کی وزارت تعلیم ، حماد اظہر کی وزارت برائے صنعت و پیداوار ، غلام سرور کی ہوا بازی ، علی زیدی کی بحری امور ، فیصل واوڈا کی وزارت برائے آبی وسائل اور اعجاز شاہ کی وزارت داخلہ بھی ٹاپ ٹین کی فہرست میں شامل نہیں ہے،دوسری جانب وزیراعظم آفس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مذکورہ جاری کی گئی فہرست عوامی رائے کے بعد مرتب کرتے ہوئے جاری کی گئی ہے جبکہ وزیراعظم آفس متعلقہ وزارتوں کی کارکردگی کی فہرست ان کی کارکردگی کے معیار کو جانچنے کے بعد جاری کریگا۔