کراچی (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین سابق صدر آصف علی زرداری نے حکومتی پالیسیوں کو ملک کے لئے تباہ کن قراردیدیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق آصف زرداری نے پارٹی رہنماوں کو پالیسی گائیڈ لائنز دیتے ہوئے حکمرانوں کی پالیسیوں پر ٹھوس لائحہ عمل اپنانے کی ہدایت کردی۔ آصف زرداری کا کہنا ہے کہ ہمیں عوام کے مفاد کا تحفظ اور ملک کو مشکلات سے بچانا ہے۔ موجودہ حکومت جیسے ہائبرڈ تجربات نے ملک کواس نہج پر پہنچا دیا ہے۔
ایسی نااہل حکومتیں لا کر تجربات کئے جاتے ہیں جبکہ ملک ایسے روزانہ نت نئے تجربات سے نہیں چلتے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ کونسا شعبہ ہے جس میں پی ٹی آئی حکومت نے عوام کو ریلیف دیا، یہ حکمران ملک کو اس سطح پر لے جارہے ہیں کہ کوئی بھی حالات کو سنبھال نہ سکے۔انہوں نے کہا کہ خارجہ محاذ ہو یا معیشت، حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے، ضد اور ہٹ دھرمی سیاست میں نہیں چلتی، موجودہ حکومت نے ہر شعبے کو بحران کا شکار کردیا ہے۔