اسلام آباد ( آن لائن ) پاکستان سیٹیزن پورٹل شہریوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے شکایات کے ازالہ کا بڑا ذریعہ بن گیا، عوام کی بڑی تعداد نے ریلیف کے لئے رجوع کیا، 23 لاکھ میں سے 22 لاکھ شکایات نمٹا دی گئیں، خیبر پختونخوا شکایات کے ازالے اور وزارت ماحولیات عوامی اطمینان کے لحاظ سے سب سے آگے۔
شکایات نمٹانے میں سب سے زیادہ تاخیر سندھ نے کی۔ وزیر اعظم آفس کے پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان سیٹیزن پورٹل پر رجسٹرڈ شہریوں کی تعداد 28 لاکھ تک جا پہنچی۔ 15لاکھ شہریوں نے پاکستان سیٹیزن پورٹل پر اپنے خیالات کااظہار کیا اور اپنی شکایات بیان کیں۔ لاکھوں شہریوں نے سیٹیزن پورٹل کے ذریعے ریلیف ملنے کی تصدیق کردی۔بیان کے مطابق پاکستان سیٹیزن پورٹل کو عوام میں مسلسل پزیرائی حاصل ہو رہی ہے۔بیان کے مطابق اندراج شدہ شکایات کی تعداد23 لاکھ جبکہ حل شدہ شکایات کی تعداد 22 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ پنجاب کی1,038,351 ,شکایات میں سے 976,482 حل کی جا چکی ہیں۔ وفاق کی875,026شکایات میں سے 781,094شکایات اپنے اختتام کو پہنچی۔ خیبر پختونخوا میں 266,276، سندھ میں 149,898، بلوچستان کی20,031 شکایات حل کی گئیں۔ رجسٹرڈ ممبران کی تعداد کے ساتھ ساتھ عوامی اعتماد کی بدولت دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کی آواز سیٹیزن پورٹل بن چکا ہے۔161,681اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے پاکستان سیٹیزن پورٹل کا موثر استعمال کیاگیا اور سمندر پار پاکستانیوں کی107,555 شکایات کا بروقت ازالہ کیا گیا۔ سب سے زیادہ تاخیر شدہ شکایات کا تعلق سندھ سے ہے جن کی کل تعداد 10,000 ہزار ہے۔ پورٹل ایپ پر شکایات کے حوالے سے صوبائی کارکردگی کا موثر جائزہ لیا گیا ہے اور 45 فیصد کے ساتھ خیبر پختونخوا شکایات نمٹانے میں سرِفہرست ہے جبکہ پنجاب میں 38 فیصد، بلوچستان میں 35 فیصد عوام نے شکایات کے حل پر اطمینان کا اظہا ر کیا۔ بیان کے مطابق وفاقی اداروں کی کارکردگی میں وزارت ماحولیات 57 فیصد عوامی اطمینان کے ساتھ سب سے آگے ہے۔