لاہور( آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ نیب کی تحقیقات سے نہیں گھبراتا ،نیب نے بلایا ہے تو ضرور جائوں گا ،سب کچھ قانون کے مطابق چل رہا ہے ، میں نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی ہے ،نیب ایک بار نہیں دس بار باربلائے جائوں گا۔
اتوار کے روز وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ پی ٹی آئی حکومت پرشروع دن سے ہی تنقید کی جا رہی ہے اور ہم پروپیگنڈا کرنے والوں کو روز جواب دیتے ہیں اس کے باوجود عوام شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی ہے۔ لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہوا اور نیب میں بھی پیش ہوں گا۔ روزانہ ہزاروں فائلیں ہوتی ہیں اور ہرفائل میرے پاس نہیں آتی تاہم ہم تمام معاملات قانون کے مطابق چلا رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مخالفین اپنا کام کریں، ہم بھی اپنا کام کرتے رہیں گے۔ پنجاب بڑا صوبہ ہے اور میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ سب اچھا ہے لیکن جہاں جہاں مسائل نظر آتے ہیں وہاں کارروائی کرنا ہمارا فرض ہوتا ہے۔وزیر اعظم نے دورہ لاہور میں ہماری انتظامیہ کی تعریف کی ہے اور جب ہمارا دامن صاف ہے تو پھر ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔عثمان بزدار نے کہا کہ ہم ہر جگہ جائیں گے اور تفصیلات بتائیں گے۔ ہم نے نہ کوئی غلط کام کیا اور نہ ہی کرنے دیں گے۔