مکہ مکرمہ (این این آئی) لبیک اللھم لبیک کی صداؤں میں مناسک حج کی محدود پیمانے پر ادائیگی کا آغاز ہو گیا،عازمین حج منیٰ میں خصوصی کمپلیکس میں قیام کریں گے، حج کا سب سے بڑا رکن وقوف عرفہ کل جمعرات کوادا ہو گا۔
غلاف کعبہ کی تبدیلی بھی جمعرات کو ہی ہو گی۔لبیک اللھم لبیک کے مناسک حج کا آغاز، عازمین حج نے قرنطینہ ختم کر کے احرام کی حالت میں طواف کیا۔ مسجد الحرام میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے مخصوص نشان لگا دیئے گئے۔ عازمین حج منیٰ میں خصوصی کمپلیکس میں قیام کریں گے جہاں وہ ذکر و اذکار اور عبادات میں مصروف رہیں گے۔عازمین جمعرات کی صبح نماز فجر کے بعد میدان عرفات روانہ ہوں گے جہاں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کرینگے۔ یومِ عرفہ کے لیے مسجد نمرہ میں بھی عازمین کے لیے مخصوص نشان لگا دیئے گئے ہیں۔دن بھر عرفات میں قیام اور مغرب کی اذان کے بعد حجاج مزدلفہ روانہ ہو جائیں گے جہاں نماز مغرب اور عشاء ملا کر ادا کی جائے گی، رات بھر مزدلفہ میں کھلے میدان اور پہاڑوں پر قیام ہو گا۔ اللہ کے مہمان 10 ذی الحج کو فجر کی نماز کے بعد منیٰ روانہ ہوں گے۔ جہاں وہ شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد قربانی کریں گے اور سر منڈوا کر احرام کھول دیں گے، پھر طواف زیارت ہو گا۔