اسلام آباد ( آن لائن)چینی انکوائری کمیشن کی تحقیقات کے دوران مختلف الزامات کے تحت معطل ہونے والے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے ایڈیشنل ڈائریکٹر سجاد مصطفیٰ باجوہ کو محکمانہ انکوائری میں قصور وار قرار دیتے ہوئے نوکری سے برخاست کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق 9صفحات پر مشتمل انکوائری رپورٹ کے مطابق سجاد مصطفیٰ باجوہ پر ’غیر معیاری اور غیر تسلی بخش کارکردگی، شوگر مل انتظامیہ سے مبینہ روابط،
رازدارانہ معلومات کا تبادلہ کرنے اور مل انتظامیہ کو کمیشن کے حساس ریکارڈ تک رسائی دینے کے الزامات ثابت ہوئے ہیں۔سجاد باجوہ نے خود پر عائد تمام الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے اس انکوائری رپورٹ کو ذاتی عناد، بغض اور جلد بازی میں تیار کی گئی یک طرفہ رپورٹ قرار دیا ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان پر عائد کردہ الزامات کے دستاویزی ثبوت انھیں فراہم نہ کر کے انھیں شفاف ٹرائل کے بنیادی حق سے محروم رکھا گیا۔