پشاور ( آن لائن ) بلین ٹری سونامی منصوبے میں خردبرد اور بے قاعدگیوں پر محکمہ جنگلات کے 2 سب ڈویژنل فارسٹ آفیسرز سمیت 20 اہلکاروں کو جرمانے اور سزائیں دے کر ان سے ایک کروڑ 96 لاکھ روپے وصول کر لئے ہیں ۔
میڈیا رپورٹس میں دستاویزات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ بلین ٹری سونامی منصوبے میں خردبرد اور بے قاعدگیوں پر سزا پانے والوں میں 2 سب ڈویڑنل فارسٹ آفیسرز، ایک فارسٹ رینجر 3 ڈپٹی فارسٹ رینجر ، 2 فارسٹرز 11 فارسٹ گارڈز اور ایک کلاس فور ملازم شامل ہے جبکہ اہلکاروں سے ایک کروڑ 96 لاکھ روپے وصول کرلیے گئے۔سزا پانے والوں نے بنوں اور کوہاٹ میں مطلوبہ تعداد میں پودے نہیں لگائے جب کہ ہزارہ میں کم تعداد میں پودے لگا کر خزانے سے زیادہ پیسے وصول کیے گئے۔ دستاویزات کے مطابق اہلکاروں کو انکریمنٹ روکنے کی سزا اور وارننگز بھی دی گئیں جب کہ سزائیں 15 انکوائریاں مکمل ہونے پر دی گئی ہیں۔ سیکرٹری محکمہ جنگلات خیبرپختونخوا شاہد اللہ خان نے میڈیاسے بات چیت میں بتایا کہ جہاں بھی بے قاعدگی سامنے آئی کارروائی کریں گے، ان سزائوں کا مقصد بھی یہی ہے کہ آئندہ جو بھی چوری یا کرپشن کرے گا تو اس کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائیگا۔