ریاض (این این آئی)سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو طبی معائنے کیلئے اسپتال میں داخل کرلیا گیا ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق 84 سال کے شاہ سلمان کو مثانے میں سوجن کے سبب اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔شاہی محل سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان کو طبی معائنے کے لیے کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز کی ٹیم فرمانروا کا معائنہ
کر رہی ہے۔واضح رہے کہ سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز 31 دسمبر 1935 کو پیدا ہوئے، وہ 2015 میں سعودی عرب کے بادشاہ بنے تھے، اس سے قبل وہ48 سال تک ریاض کے ڈپٹی گورنر اور گورنر بھی رہے۔شاہ سلمان سعودی عرب کے وزیردفاع بھی رہ چکے ہیں ، انہیں 2012 میں سعودی عرب کے بادشاہ کے طور پر نامزد کیا گیا تھا اور2015 میں ان کے بھائی عبداللہ کی موت کے بعد انہیں بادشاہت ملی۔