اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس میر افضل کو گلگت بلتستان کا نگران وزیراعلیٰ مقرر کردیا گیا۔وفاقی حکومت کی جانب سے میر افضل کی تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے اور وہ کل اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔نجی ٹی وی جیو کی
رپورٹ کے مطابق میر افضل کا تعلق گلگت بلتستان کے علاقے استور بونجی سے ہے۔دوسری جانب سرکاری ذرائع کے مطابق نگران کابینہ کے ناموں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ میرافضل خان کے ہمراہ سرورشاہ، وقار عباس، سلیمان ولی، ثمینہ بیگ، ایمان شاہ، محمد علی اور آفتاب خان نگران کابینہ میں شامل ہوں گے۔سرکاری ذرائع کے مطابق ڈاکٹرحسن، ایڈووکیٹ یاسین، سید شبیہ حسنین، عارف اسلم اور ناصر زمانی بھی نگران کابینہ میں شامل ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق نگران وزیراعلیٰ اور ان کی کابینہ کے ارکان کو وزارت امورکشمیر میں بلایا جائے گا اور یہ ارکان کل اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔خیال رہے کہ گلگت بلتستان میں 5 سال مسلم لیگ (ن) کی حکومت رہی ہے اور حافظ حفیظ الرحمان وزیراعلیٰ رہے ہیں۔ گلگت بلتستان میں انتخابات ستمبر میں شیڈول ہیں۔