اسلام آباد (این این آئی) سعودی عرب نے پاکستان سے رابطہ کر کے رواں سال محدود حج کے فیصلے سے آگاہ کر دیا جبکہ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر، سفارتی عملہ اور پاکستان حج ڈائریکٹریٹ امسال حج میں پاکستان کی نمائندگی کریںگے۔
منگل کو وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے رواں سال حج کی ادائیگی کے حوالے سے سعودی حکومت کے فیصلے سے وزیر مذہبی امور کو با ضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔ سعودی وزیر حج و عمرہ نے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ ترجمان کے مطابق سعودی وزیر حج ڈاکٹر صالح بن بنتن نے حج سے متعلق فیصلے سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا جس کے مطابق اس سال صرف سعودی شہری اور اقامہ ہولڈر ہی حج ادا کریں گے۔ کورونا وائرس کی وبا کے خطرات سے بچنے کیلئے سعودی حکومت نے غیر ملکی حجاج کی میزبانی سے معذرت کر لی۔ وزارت مذہبی امور نے نئی صورتحال کے تحت ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے جس میں عازمین حج کی رقوم کی واپسی سے متعلق طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔ ترجمان مذہبی امور کے مطابق سعودی عرب میں مقیم پاکستانی سفیر، سفارتی عملہ اور پاکستان حج ڈائریکٹریٹ امسال حج میں پاکستان کی نمائندگی کریںگے۔