جمعرات‬‮ ، 23 جنوری‬‮ 2025 

چینی انکوائری رپورٹ پر حکم امتناع ختم ہائیکورٹ نے حکومت کو شوگر ملز کیخلاف کارروائی کی اجازت دیدی

datetime 20  جون‬‮  2020
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے چینی انکوائری رپورٹ پر حکم امتناع ختم کرتے ہوئے حکومت کو شوگر ملز کیخلاف کارروائی کی اجازت دے دی جبکہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ہے کہ شوگر کمیشن کی انکوائری رپورٹ دراصل موجودہ حکومت اور نیب کا امتحان ہے۔

ہفتہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں شوگرملزکیس میں چینی انکوائری رپورٹ کیخلاف دائردرخواست پر سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ انکوائری کمیشن سیاسی مخالفین سے انتقام کیلئے بنایا گیا، انکوائری تو حکومت کے اپنے مضبوط اتحادیوں اور دوستوں کے خلاف بھی ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنے دوستوں اور اتحادیوں کے خلاف کارروائی کیلئے بڑی جرات اور عزم چاہیے، دوستوں اور اتحادیوں کے خلاف کارروائی اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ کارروائی کسی تعصب پر مبنی نہیں ہے۔اٹارنی جنرل نے پانامہ کیس اور جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کے حوالے دیتے ہوئے کہا کہ عدالت نے پانامہ کیس اورجعلی بنک اکاؤنٹس کیس میں جی آئی ٹی تشکیل دی، پاناما جے آئی ٹی میں مختلف اداروں کے افسران کو شامل کیا گیا، یہی وجہ تھی کہ شوگر انکوائری کمیشن میں حکومت نے تحقیقات کے لیے مختلف اداروں کے افسران شامل کیے۔خالد محمود خان نے کہا کہ بغیرکسی دلیل کے کہا گیا کہ انکوائری کمیشن تعصب پرمبنی ہے، انکوائری کمیشن کے کسی ممبر پر مفادات، سیاسی وابستگی کا الزام نہیں، کہا گیا ایک کمیٹی کے ممبر کی 22 گریڈ میں ترقی ہوئی تاہم کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا، کمیٹی کے ممبران پر شوگر ملز کے خلاف متعصب ہونے کا الزام لگایا گیا مگرکوئی ثبوت نہیں دیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ کمیٹی کے ممبران قابل افسران اورکسی بھی حکومت کا پریشرنہ لینے والے ہیں، کہا گیا کہ آگے چل کراس رپورٹ کا غلط استعمال ہوگا، مستقبل کے کسی مفروضے پر آج تحقیقات نہیں روکی جا سکتیں۔اٹارنی جنرل آف پاکستان نے کہا کہ انکوائری کمیشن کا ٹاسک فیکٹ فائنڈنگ کے بعد اپنی سفارشات دینا تھا، انکوائری کمیشن نے اپنی دو طرح کی سفارشات دیں، انکوائری کمیشن نے فوری نوعیت کی کارروائی کے علاوہ طویل مدتی اقدامات کی بھی سفارش کی۔انہوں نے کہا کہ انکوائری کمیشن نے ایسے ٹی او آرز کے تحت کام کیا کہ شوگر انڈسٹری کے تمام پہلو سامنے آ سکیں،

کمیشن نے گنے کی کل پیداوار کا پتا لگانے کا فیصلہ کیا، شوگر ملز کاشتکاروں سے گنا کتنا اور کس قیمت پر خریدتی ہیں یہ سوال بھی تھا، گنے کی خرید کے بعد کرشنگ میں کتنا گنا جاتا ہے یہ بھی پتا کرنا تھا۔انہوںنے کہاکہ متعلقہ ٹی او آرز کا مقصد معلوم کرنا تھا کہ چینی کی کوئی آف دی ریکارڈ خرید فروخت تو نہیں؟اٹارنی جنرل خالد محمود خان کی جانب سے مختلف عدالتی فیصلوں کے حوالے سے کہا گیا کہ بھارتی عدالت کا ایک ایسے ہی کیس میں 1960 کا فیصلہ موجود ہے، بھارتی عدالت نے قرار دیا تھا کسی منظم جرم کا شک ہونے پر حکومت انکوائری کروا سکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ انکوائری کی روشنی میں حکومت کارروائی کرنے یا نہ کرنے کی مجاز ہوتی ہے، شوگر انڈسٹری حکومت کو اس کیس میں فریق مخالف کیوں سمجھتی ہے؟ چینی کی قیمتیں اوپر جانے سے حکومت نہیں، عوام متاثر ہوتے ہیں، حکومت اپنے لیے چینی نہیں خرید رہی کہ الزام لگایا جائے کہ انکوائری کا مقصد اپنے لیے فائدہ لینا ہے۔خالد جاوید خان نے کہا کہ انکوائری کا مقصد جب کسی بدنیتی سے ذاتی فائدہ اٹھانا نہیں تو پھر تعصب کیسا؟ آئین کا آرٹیکل 9 ہر شہری کو زندگی کا بنیادی حق دیتا ہے،

شہری کو زندگی کا تحفظ فراہم کرنے سے مراد اس کی خوراک کی ضروریات پوری کرنا بھی ہے، شہریوں کو زندگی کا یہ حق مہیا کرنا صرف صوبائی نہیں، وفاقی حکومت کا بھی کام ہے، چینی بحران کے اصل محرکات اور ذمہ داروں کا تعین بھی اسی جذبے کے تحت کیا جا رہا ہے۔شوگر ملز ایسوسی ایشن کے وکیل سلمان اکرم راجا نے جوابی دلائل دیتے ہوئے سابق کرکٹر سلیم ملک کیس کا حوالہ دیا اور کہا کہ سلیم ملک پر الزام آئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کا تھا۔سلمان اکرم راجا نے کہا کہ سلیم ملک نے پاکستان میں کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی تھی، سلیم ملک پر جو الزام تھا اس سے متعلق پاکستان میں کوئی قانون ہی موجود نہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی قانون موجود نہ ہونے کی صورت میں انکوائری کمیشن بنایا گیا، شوگر کے معاملے پر تمام متعلقہ قوانین موجود ہیں، اس لیے انکوائری کمیشن کی ضرورت نہیں تھی۔اٹارنی جنرل نے کہا کہ حکومت شوگرانکوائری پر خود کوئی ”پک اینڈ چْوز” نہیں کرنا چاہتی، حکومت نے اسی لیے معاملہ متعلقہ اداروں کو بھیج دیا ہے، نیب، ایف بی آر اور ایس ای سی پی آزادانہ طور پر اس معاملے کو دیکھیں گے، ادارے قانون کے مطابق دیکھیں گے کس کے خلاف کیا کارروائی بنتی ہے۔خالد جاوید خان نے کہا کہ کمیشن رپورٹ تو اداروں کی صرف معلومات کے لیے ہے، میڈیا میں کس کا کیا تاثر بنا ہے، نیب اور دیگر ادارے اس سے متاثر نہیں ہوں گے،

عدالت سے درخواست ہے کہ شوگر ملز کی درخواست کو مسترد کیا جائے اور انکوائری کمیشن کی سفارشات کے تحت اداروں کو کام جاری رکھنے دیا جائے۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ حکومتی وزراء اور صوبائی وزراء اعلیٰ کے حوالے سے بھی کمیشن نے لکھا ایسے میں کیسے متعصب ہو سکتا ہے؟شوگر ملز کے وکیل مخدوم علی خان نے جواب الجواب کے لیے عدالت سے مزید وقت کی استدعا کرتے ہوئے حکم امتناع میں توسیع کی درخواست کی۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ مشروط حکم امتناع پر تو ویسے بھی عمل نہیں ہوا،

ایگزیکٹو کے معاملات میں تو یہ عدالت جاتی ہی نہیں، قیمتیں مقرر کرنا عدالت کام نہیں اس میں ہم جاتے ہی نہیں۔سلمان اکرم راجا نے کہا کہ اگرتعصب پر مبنی اس کارروائی پر ٹرائل ہو جائے تو ناانصافی ہو گی، ٹرائل میں ساری عزت نفس، کاروبار مجروح ہونے کے بعد اپیل میں کہیں انصاف ملا بھی تو کیا ملا۔عدالت کا شوگر ملز مالکان کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو تو خوش ہونا چاہیے کہ نیب اور حکومت کا امتحان ہے۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ ابھی تک پتا نہیں نیب اس پر کارروائی کرتا بھی ہے یا نہیں؟ نیب تو ایسی رپورٹس یا شکایت کا پہلے جائزہ لیتا ہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ موجودہ وفاقی وزیر کے حوالے سے رپورٹ میں لکھا جانا حکومت کا بھی امتحان ہے، شوگر کمیشن کی انکوائری رپورٹ دراصل موجودہ حکومت اور نیب کا امتحان ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم چینی رپورٹ میں سخت الفاظ کو حذف کر دیتے ہیںجس پر شوگر ملز کے وکیل نے کہا کہ چینی رپورٹ سے صرف سخت اور غیر ضروری الفاظ حذف کرنا مناسب نہیں، ہماری استدعا ہے کہ چینی پر نیا کمیشن تشکیل دیا جائے ، چینی پر ایسا کمیشن ہو جس پر انگلی نہ اٹھا سکے اور وہ قانون کے مطابق کام کرے۔وکیل ملز مالکان مخدوم علی خان نے کہا کہ چینی کیس کاروباری افراد کے بنیادی آئینی حقوق کا مقدمہ ہے،

شہزاد اکبر کو ذمہ داری دی گئی کہ وہ کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد کرائیں گے۔چیف جسٹس کا اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیا کابینہ اپنے اختیارات کسی اور کو دے سکتی ہے؟چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ عدالت نے مسابقتی کمیشن کیس کے فیصلے میں کہا ہے کہ کابینہ اپنا اختیار کسی کو نہیں دے سکتی، جس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ میں حکومت کو ایڈوائس دیتا ہوں کہ وہ اس پر نظرثانی کرے۔دلائل سننے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے چینی انکوائری کمیشن کیس پر فیصلہ محفوظ کر لیا بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے چینی انکوائری رپورٹ پر شوگر ملز مالکان کے خلاف کارروائی سے روکنے کا حکم امتناع ختم کردیا۔ عدالت نے تمام متعلقہ اداروں کو چینی انکوائری رپورٹ پر کارروائی کی اجازت دیتے ہوئے شوگر ملز ایسوسی ایشن کی چینی رپورٹ پر کارروائی روکنے کی درخواست مستردکر دی ۔

موضوعات:

آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں


کالم



اسی طرح


بھارت میں من موہن سنگھ کو حادثاتی وزیراعظم کہا…

ریکوڈک میں ایک دن

بلوچی زبان میں ریک ریتلی مٹی کو کہتے ہیں اور ڈک…

خود کو کبھی سیلف میڈنہ کہیں

’’اس کی وجہ تکبر ہے‘ ہر کام یاب انسان اپنی کام…

20 جنوری کے بعد

کل صاحب کے ساتھ طویل عرصے بعد ملاقات ہوئی‘ صاحب…

افغانستان کے حالات

آپ اگر ہزار سال پیچھے چلے جائیں تو سنٹرل ایشیا…

پہلے درویش کا قصہ

پہلا درویش سیدھا ہوا اور بولا ’’میں دفتر میں…

آپ افغانوں کو خرید نہیں سکتے

پاکستان نے یوسف رضا گیلانی اور جنرل اشفاق پرویز…

صفحہ نمبر 328

باب وڈورڈ دنیا کا مشہور رپورٹر اور مصنف ہے‘ باب…

آہ غرناطہ

غرناطہ انتہائی مصروف سیاحتی شہر ہے‘صرف الحمراء…

غرناطہ میں کرسمس

ہماری 24دسمبر کی صبح سپین کے شہر مالگا کے لیے فلائیٹ…

پیرس کی کرسمس

دنیا کے 21 شہروں میں کرسمس کی تقریبات شان دار طریقے…