اسلام آباد( آن لائن) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مزید دو سیکٹرز میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔ آئی ایٹ کے سیکٹر 3 اور 4 جبکہ آئی ٹین کے سیکٹر ون اور ٹو کو سیل کیا گیا ہے ۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری مراسلہ میں کہاگیا ہے ان علاقوں میں پرائیویٹ دفاتر اور پارکس بند رہیں گے۔
شہریوں کے لیے گھر سے باہر جانا ضروری ہو تو شناختی کارڈ ساتھ لازمی رکھا جائے۔انتظامیہ کے مطابق ابتداء میں ان متاثرہ سیکٹروں میں سمارٹ لاک ڈائون کا فیصلہ کیا گیا ہے ،مریضوں کی تعداد میں بڑھنے پر سمارٹ لاک ڈائون میں توسیع کا آپشن موجود ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ متاثرہ چاروں سب سیکٹروں اور دونوں مراکز میں کورونا مریضوں کے ملنے والوں کی فہرستیں مرتب کی جارہی ہیں ،لاک ڈاؤن میں آرمی ، رینجرز اور پولیس کی تعیناتیوں کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے ،لوگوں کی سہولت کیلئے اشیاء ضرور یہ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے ،چاروں سب سیکٹروں میں مریضوں سے ملنے والے لوگوں کے کورونا ٹیسٹ ہونگے ، مراسلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ سیل کئے گئے سیکٹروں میں کریانہ ، سبزی ، میڈیکل سٹور، بیکریز کھلی رہیں گی ، ایک گھر سے ایک فرد اشیاء ضرور یہ لینے باہر نکل سکتاہے تاہم شناختی کارڈ ساتھ رکھنا لازمی ہوگا،انتظامیہ کے مطابق علاقہ کو ڈس انفیکٹ اور کورونا ٹیسٹ تیزی کے ساتھ کئے جارہے ہیں ،ضلعی انتظامیہ کے مطابق غوری ٹاون ،لوہی بھیر ، جی سیون ٹو اور پی ڈبلیو ڈی کو لاک ڈاؤن کرنے پر غور جاری ہے ، غوری ٹاون سمیت چار نئے ہاٹ سپاٹس کیلئے مجوزہ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی طے کی جارہی ہے۔