اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی وبا کے دوران گیس صارفین پر اضافی 104 ارب روپے کا بوجھ ڈالنے کی تیاریاں ، گیس کمپنیوں نے یکم جولائی سے گیس 623 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو تک مہنگی کرنے کی درخواست جمع کر ا دی .
اوگرا نے گیس قیمتوں میں اضافے کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کرلیں۔ روزنامہ جنگ کے مطابق سوئی ناردرن نے گیس 623 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی کرنے کی درخواست دی ہے جبکہ سوئی سدرن نے گیس 85.35 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی کرنیکی درخواست دی ہے ،سوئی ناردرن کی درخواست کی منظوری پر صارفین پر اضافی 73 ارب روپے کا بوجھ پڑیگاجبکہ سوئی سدرن کی درخواست کی منظوری پر گیس صارفین پر31 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑیگا،سوئی ناردرن نے گیس کی اوسطاً قیمت 1287.19فی ایم ایم بی ٹی یو کرنے کی درخواست کی ہے اس وقت سوئی ناردرن کی گیس کی اوسط قیمت 664.24 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہے ،سوئی سدرن نے گیس کی اوسط قیمت 881.53 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی درخواست کی ہے ،اس وقت سوئی سدرن کی اوسط گیس قیمت 796.18 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہے ،اوگرا 24 جون کو سوئی ناردرن کی درخواست اور 25 جون کو سوئی سدرن کی درخواست پر سماعت کریگا ۔