اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)چیف ڈرگ کنٹرولرپنجاب نے کورونا وائرس کے علاج میں موثر ثابت ہونے والی دوا ڈیکسامیتھاسون کی مارکیٹ میں خریدو فروخت کو مانیٹر کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ماسک سمیت دیگر طبی اشیاء اور ادویات کی دستیابی کا
مارکیٹ میں فقدان دیکھا گیا ہے تاہم اس خدشے کے باعث چیف ڈرگ کنٹرولرپنجاب نے ڈرگ انسپکٹرز کے نام مراسلہ لکھا جس میں ڈیکسامیتھاسون کی خریدو فروخت پر نگرانی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈرگ کنٹرولرپنجاب نے مراسلے میں کہا کہ موجودہ صورتحال میں کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے یہ دوا اہم ہے لہذا دوا کی موجودگی اور ترسیل سے متعلق رپورٹ کل تک جمع کرائی جائے۔واضح رہے کہ برطانیہ کے سائنسدانوں نے اسٹیرائیڈ دوا ڈیکسامیتھاسون کو کورونا وائرس کے علاج میں انتہائی مؤثر قرار دیا ہے۔برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے کورونا کے خلاف ڈیکسامیتھاسون دوا کا کامیاب تجربہ کیا ہے جس کے استعمال سے 3 میں سے ایک شدید بیمار کورونا مریض صحت یاب ہونے لگا ہے۔برطانوی سائنسدان پروفیسرپیٹر ہاربے کے مطابق یہ اب تک کی پہلی دوا ہے جس نے کورونا میں اموات کو کم کرکے دکھایا ہے اور یہ ایک اہم پیشرفت ہے۔