اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)حالت بگڑنے پر وزیرریلوے شیخ رشید احمد اس وقت ملٹری ہسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں ان کی طبیعت تیزی سے بحال ہورہی ہے، ڈاکٹرز نے ان کی ٹیسٹ رپورٹس کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔
دوسری جانب شیخ رشیدکے بھتیجے اور ممبر قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق کے مطابق شیخ رشید کو اب نہ انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کیا گیا اور نہ ہی انہیں آکسیجن پر منتقلی کی ضرورت پڑی ہے، ان کے جسم میں آکسیجن کا تناسب 92 فیصد ہے، جب کہ ان کے پھیپھڑے کورونا سے 10 فیصد متا ثر ہوئے ہیں۔راشد شفیق کے مطابق ان کی طبیعت بہتر ہے اور انہیں 3 سے 4 دن میں ہسپتال سے ڈسچارج کردیا جائے گا۔گزشتہ روز وزیر ریلوے شیخ رشید نے ہسپتال سے اپنے پیغام میں تھا کہ میراکورونا کاعلاج جاری ہے ،ڈاکٹرزبہترین علاج کررہے ہیں ،الحمداللہ!رات کی نسبت اب بہتر محسوس کررہاہوں۔شیخ رشید نے مزید کہا تھا کہ عوام سے اپیل کرتا ہوں وہ کورونا کو سنجیدہ لیں ،انہوں نے اپیل کی ہے کہ لوگ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے گھروں میں رہیں ۔یادرہے کہ وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کورونا کی تشخیص کے بعد خود کو گھر میں قرنطینہ کر رکھا تھا، تاہم طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں ملٹری ہسپتال راولپنڈی منتقل کیا گیا تھا۔