اسلام آباد ( آن لائن)مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اپنی اقتصادی ٹیم کے ہمراہ کل اقتصادی سروے جاری کریں گے ، ذرائع کے مطابق کورونا وباء کی وجہ سے حکومت کے رواں مالی سال2019-20کے دوران کوئی بھی ہدف حاصل نہ ہوسکا، جس کے پیش نظر نئے مالی سال2020-21کیلئے قابل رسائی اہداف تجویز کئے گئے ہیں ۔
بجٹ دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال کیلئے ( جی ڈی پی ) ترقی کا ہدف 2.3 فی صد مقرر کرنے کی تجویز ہے ،رواں سال ( جی ڈی پی ) ترقی کی شرح منفی 0.4فیصد رہی ، آئندہ مالی سال زراعت کا ہدف 2.9 فی صد مقرر، رواں سال زراعت کی ترقی کی شرح 2.7فیصد رہی ، آئندہ مالی سال بڑی فصلوں کا ہدف 2.2 فی صد مقرر کرنے کی تجویز ہے ، رواں سال بڑی فصلوں کی گروتھ کی شرح 2.9فیصد رہی ، آئندہ مالی سال کپاس میں شرح نمو کا ہدف 1.3 فی صد مقرر کئے جانے کا امکان ہے، رواں سال کپاس میں شرح نمو منفی 4.6فیصد رہی ، آئندہ مالی سال لائیو اسٹاک میں شرح نمو کا ہدف 3.5 فی صد مقرر کیا جائے گا، رواں سال لائیو اسٹاک میں شرح نمو 2.6فیصد رہی ، آئندہ مالی سال جنگلات میں شرح نمو کا ہدف 1.5 فی صد مقرر کیا جائے گا، رواں سال جنگلات میں شرح نمو 2.3فیصد رہی ، آئندہ مالی سال ماہی گیری میں شرح نمو کا ہدف 2.1 فی صد مقرر کرنے کی تجویز ہے، آئندہ مالی سال صنعت میں شرح نمو کا ہدف 0.1 فی صد ہو گا، رواں سال صنعت میں شرح نمومنفی 2.6فیصد رہی ، آئندہ مالی سال میں معدنیات میں شرح نمو کا ہدف 0.5 فی صد مقرر کی جائے گی ،رواں سال معدنیات میں شرح نمومنفی 8.8فیصد رہی ، آئندہ مالی سال پیداواری شعبہ میں شرح نمو کا ہدف منفی 0.7 فی صد مقرر کئے جانے کا امکان ہے ، رواں سال پیداواری شعبہ شرح نمومنفی 5.6فیصد رہی ، آئندہ مالی سال خدمات کے شعبے میں شرح نمو 2.8 فی صد مقرر کی جائے گی ،جبکہ رواں سال خدمات کے شعبے میں شرح نمومنفی 0.6فیصد رہی ۔